سرفراز بگٹی بلوچستان قرارداد سفارتی کردار

بلوچستان اسمبلی کی مشترکہ تہنیتی قرارداد قابلِ تحسین ہے، سرفراز بگٹی

قرارداد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہنا قومی یکجہتی اور بصیرت کی عکاسی کرتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے تناظر میں بلوچستان اسمبلی کے فورم پر منظور کی گئی مشترکہ تہنیتی قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اظہارِ مسرت کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے  کہا کہ پارلیمانی فورم کی یہ متفقہ قرارداد قابلِ تحسین ہے، جو پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار اور قومی یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے دوران پاکستان نے متوازن اور دانشمندانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص مزید مستحکم کیا اور ملک کو عالمی برادری میں نمایاں مقام دلایا۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان نے صبر، تحمل اور امن پسندی کا عملی مظاہرہ کیا، جو مستقبل میں بھی عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت وفاق کے ساتھ مل کر امن، استحکام اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتی رہے گی۔