پراپرٹی سرمایہ کاری کے لیے نیا آسان اور شفاف نظام متعارف کروا دیا گیا
پنجاب حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑی اصلاحات کا اعلان کر دیاہے، اسٹامپ آرڈیننس 2026 نافذ، قابلِ تفویض دستاویز کو قانونی حیثیت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پراپرٹی سرمایہ کاری کے لیے نیا آسان اور شفاف نظام متعارف کروا دیا گیا، قابلِ تفویض دستاویز پر ۱۲ ماہ تک صرف 1 فیصد اسٹامپ ڈیوٹی عائد، قابلِ تفویض دستاویز پر اضافی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی ، اکرام الحق نے کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں ٹیکس کا فرق ختم کر دیا گیاہے، زرعی زمین کی اسٹامپ ڈیوٹی میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے ، غیر رسمی بیعانہ اور فائل ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابلِ تفویض دستاویز کی ای رجسٹریشن کے ذریعے پراپرٹی لین دین مزید محفوظ بنایا گیاہے، نئے نظام سے فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی متوقع ہے، قابلِ تفویض دستاویز کے ذریعے پراپرٹی حقوق کسی اور کو تفویض کرنا ممکن ہو گا ۔
ڈی جی پلرا کا کہناتھا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو فروغ ملے گا۔