وزیرِ اعظم نے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کی اور سلامِ عقیدت پیش کیا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری دی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تھے، اس موقع پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف اور وفد کے لیے روضۂ رسول ﷺ کے دروازے کھولے گئے، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کی اور سلامِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے ملک و قوم کی ترقی اور دنیا بھر میں امن و آشتی کے لیے دعائیں بھی کیں،واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم شہبازشریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
اس دوران شہباز شریف نےسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی،جس میں خطے کی صورتِ حال اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔