ہوا سے مار کرنے والا تیمور میزائل اینٹی شپ ویپن سسٹم ہے،آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ نے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے تیمورمیزائل کا کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کا تجربہ کیا، فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے والا میزائل مقامی تیار کردہ اینٹی شپ سسٹم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے میں کروز میزائل تیمور نے غیرمعمولی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ پاک بحریہ کی طویل فاصلے تک خطرات کا سراغ لگا کر نشانہ بنانےکی صلاحیت ثابت ہو گئی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نیوی کی جانب سے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔ اس سے پاکستان کی مسلح افواج کی ہمہ جہت اور مربوط حملہ آور حکمت عملی کو تقویت ملی ۔ پاکستان نیوی قومی سمندری مفادات اور آبی حدود کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔
صدرمملکت ، وزیراعظم ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔