پاکستان میں امیر اور غریب کے درمیان گیپ بڑھ رہا ہے، سابق وفاقی وزیر
سابق وفاقی وزیر محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امیر اور غریب کے درمیان فرق خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ مہنگائی ، غربت ، شرح سود ، کاروباری لاگت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جبکہ بیرونی سرمایہ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ عوام کی قوت خرید چند سالوں میں 65 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔ حکومت کا پانچواں بجٹ ہونے کے باوجود یہ سب سے سخت بجٹ ہوگا ۔ عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔
محمد زبیر نے کہا کہ معاشی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ پانچویں بجٹ میں عوام کو ریلیف ہی ریلیف ملتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ حکومت آئی تو بجلی کا ایک یونٹ 16 روپے کا تھا، حکومت بجلی کا ایک یونٹ 60 روپے تک لے گئی، قوم کو حقیقت بتادیں،اب بھی حالات ٹھیک ہوسکتے ہیں۔