ٹیلر سوئفٹ دولت 2026

ٹیلر سوئفٹ کی دولت میں غیر معمولی اضافہ، عالمی میوزک انڈسٹری میں نیا ریکارڈ

مارچ 2026 تک ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، فوربز

امریکی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد وہ دنیا کی امیر ترین موسیقاروں میں شامل ہو گئی ہیں۔

فوربز کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کی دولت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کی بڑی وجہ ان کے عالمی کنسرٹ ٹورز، میوزک سیلز اور اپنے گانوں کے حقوق پر بڑھتا ہوا کنٹرول ہے۔

ٹیلر سوئفٹ کی مالی ترقی میں سب سے اہم کردار 2023-24 کے عالمی ایراز ٹور نے ادا کیا جسے تاریخ کا سب سے زیادہ آمدنی دینے والا کنسرٹ ٹور قرار دیا گیا ہے۔ اس ٹور سے تقریباً 2.2 ارب ڈالر کی آمدن حاصل ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے 2020 میں اپنے پرانے میوزک البمز دوبارہ ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے ماسٹر ریکارڈنگ حقوق کے تنازع کے بعد سامنے آیا۔ اس اقدام کے ذریعے انہوں نے اپنے میوزک کیٹلاگ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کیا اور رائلٹی آمدن براہِ راست اپنے نام کر لی۔

رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ 2024 میں باضابطہ طور پر ارب پتی بن گئی تھیں جبکہ ایراز ٹور ان کی مالی کامیابی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ مارچ 2026 تک ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد وہ تاریخ کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئی ہیں۔