کرغزستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،صدرسادیرجیاپاروف
صدر مملکت کرغزستان کے دورے پر ہیں ۔ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ آصف علی زرداری نے کہا پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں ۔ ان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور کرغزستان کے صدور کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ مہمان نوازی پر کرغز ہم منصب اور حکومت کا شکرگزار ہوں، کرغزستان خوبصورت ملک،یہاں آکرخوشی ہوئی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اورکرغزستان کےدرمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں، امن اورترقی کیلئےمل کرکام کرنا وقت کا تقاضہ ہے، دونوں ملکوں کےدرمیان تجارت کےفروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، صنعتی ترقی،سرمایہ کاری کےفروغ کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر کرغز صدر نے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کہا کرغزستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات کونئی بلندیوں تک لےکر جائیں گے۔
صدر کرغزستان سادیرجیاپاروف کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون،کاسا1000منصوبے پر موثر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال انڈسٹری، صحٹ، آئی ٹی، سیاحت میں تعاون بڑھائیں گے، نوجوانوں اورعوام کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے کیلئے مواقع پیدا کریں گے۔
اس سے قبل صدرآصف علی زرداری کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں آمد پر کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے صدر مملکت کا خیرمقدم کیا، استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کےترانے بجائے گئے۔ صدرآصف علی زرداری کو کرغز افواج کے دستے کی جانب سےگارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔