شہباز شریف کا اپیکس کمیٹی اجلاس

دہشتگردی کے واقعات میں ہمارے مشرقی ہمسایہ کا ہاتھ ہے،وزیراعظم

آخری فسادی اور دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، آخری فسادی اور دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دوران گفتگو وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں پولیس،فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے، بلوچستان میں54دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا، آخری فسادی اوردہشتگردکےخاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے قربانیاں دیں اورخون کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردی کے واقعات میں ہمارےمشرقی ہمسایہ کا ہاتھ ہے، دہشتگردتنظیموں کواسلحہ اورپیسہ فراہم کیاجارہاہے، آخری فسادی اور دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کررہے ہیں، خیبرپختونخوامیں بھی دہشتگردکارروائیوں میں خارجی ملوث ہیں، سیاسی وعسکری قیادت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مکمل یکسوہے، سیاسی وعسکری قیادت کاعزم ہےکہ ملکر دہشتگردی کا خاتمہ کرناہے، ہم نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بناناہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق کی کامیابی بھی دشمن کوہضم نہیں ہورہی، پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہیں۔ دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے، شہداکی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی۔ پاکستان جلد ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر غور کےلیے کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے جبکہ گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزرا عطا تارڑ،احد چیمہ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بھی شریک ہوئے۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بلوچستان کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں امن و استحکام کے قیام سے متعلق اہم فیصلوں اور اقدامات کی منظوری متوقع ہے۔

پریس کانفرنس

واضح رہے کہ بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 روز کے دوران صوبے میں دہشتگردی کے 3 بڑے واقعات رونما ہوئے جس میں 42 قیمتی جانیں گئیں جبکہ 54 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشتگرد حملوں کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا، یہ سب کچھ بھارت کروا رہا ہے۔ تاہم، بلوچستان کے بہادر عوام اور سیکیورٹی فورسز نے ان بزدلانہ کارروائیوں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔