وفاقی آئینی عدالت کی چھٹیاں

وفاقی آئینی عدالت کے افسران اور ملازمین کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا شیڈول جاری

وفاقی آئینی عدالت کے ملازمین کو 3، 3 ہفتوں کے دو الگ مرحلوں میں چھٹیاں ملیں گی

وفاقی آئینی عدالت کے افسران اور ملازمین کے لیے موسم گرما کی چھٹیوں کے شیڈول کی منظوری دیدی گئی۔ دو مرحلوں میں تین، تین ہفتوں کی تعطیلات ہوں گی۔ عدالتی امور بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے ملازمین کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کی منظوری دے دی۔ شیڈول کے مطابق ملازمین کو تین، تین ہفتوں پر مشتمل دو الگ مرحلوں میں تعطیلات دی جائیں گی۔

پہلے مرحلے کی چھٹیاں 13 جولائی سے دو اگست تک جبکہ دوسرے مرحلے کی تعطیلات چار اگست سے چوبیس اگست دو ہزار چھبیس تک ہوں گی۔ تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران بھی عدالتی امور بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔

ملازمین کو چھٹیوں پر جانے سے قبل تمام زیر التوا فائلیں اور اہم سرکاری معاملات مکمل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ تعطیلات تمام افسران اور ملازمین اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبرز فعال رکھنے کے پابند ہوں گے۔