امریکا ایران کشیدگی میں ثالثی

امریکا، ایران کشیدگی ختم کرانے کیلئے ثالث ممالک متحرک، حملوں میں وقفہ

امریکا،ایران نے گزشتہ رات ایک دوسرے پر حملے نہیں کیے، ایگزیوس

مشرق وسطی میں جنگ کے بھڑکتے شعلے بجھانے کےلیے امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی ختم کرانے کیلئے ثالث ممالک متحرک ہوگئے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اور قطر کی ثالثی کے باعث گزشتہ رات امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے نہیں کیے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان اور قطر مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ثالث ممالک مفاہمتی یادداشت کو مکمل طور پر ناکام ہونے سے بچانا چاہتے ہیں۔

پاکستان، قطر، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے حکام نے امریکی حکام سے رابطے کیے۔ جس کا مقصد کشیدگی میں کمی لانا اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنا تھا۔

ایگزیوس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ فریقین گزشتہ مذاکرات میں جوہری معاہدے کی جانب قابلِ ذکر پیش رفت کر چکے تھے۔ صدر ٹرمپ خود بھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے اور مکمل جنگ سے بچنے کے خواہاں ہیں۔