مفاہمتی یادداشت پر پاکستان اورلبنان کے متعلقہ وزرائےداخلہ کے دستخط، سزا یافتہ باقی ماندہ سزا اپنے ملک میں کاٹیں گے
پاکستان اور لبنان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
بنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے لبنانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے داخلی امور اور سیکیورٹی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔