پاک بحریہ کا انسداد منشیات کا بڑا آپریشن ، 750 ملین ڈالرز کی منشیات ضبط کر لیں

یہ آپریشن پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت بحیرہ عرب میں کیا

یہ آپریشن پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت بحیرہ عرب میں کیا

یہ آپریشن پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت بحیرہ عرب میں کیا، مشکوک ماہی گیر کشتی پر آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے 2800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کر لی ۔

ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالرز ہے، کامیاب آپریشن پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں جہازوں کے عملے کو سراہا۔

پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے اور عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرہ عرب میں پاکستان نیوی کی کارروائی کے دوران 2800 کلوگرام سے زائد منشیات کی برآمدگی پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان نیوی کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بحیرہ عرب میں کامیاب انسداد منشیات آپریشن پر پاک بحریہ کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان نیوی کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔