بلوچستان اور پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشتگرد ہلاک

باڑہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ضلع چاغی کےعلاقے نوکچہ میں سیکیورٹی فورسزکی کامیاب کارروائی کے نتیجے  میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔

فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نےنوکچہ میں خالی واٹر باوزرکو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسزنے فوری اورمؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این40 شاہراہ کے مختلف مقامات پرآتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث  تھے۔

واضح رہے کہ  31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11دہشت گرد مارے گئے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق  فورسزکی بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کے پی کے میں کامیاب آپریشن

دوسری جانب عزم استحکام وژن کے تحت سیکیورٹی فورسزکی خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف مؤثرکارروائیاں جاری ہیں، جہاں باڑہ کے علاقے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جہنم واصل ہونے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد  ہوا ہے، جبکہ  سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مکمل طورپرتباہ کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسزملک سے دہشتگردی کے ناسورکے مکمل خاتمےاورپائیدارامن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔