پاکستانی کھلاڑی پر سری لنکا میں خاتون کو ہراساں کرنے پر جرمانہ

کولمبو:سری لنکا کے دورے پر پاکستانی کرکٹر سلمان مرزا کو ایک خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی ہوٹل کے عملے نے ٹیم مینجمنٹ سے سلمان مرزا کے رویے سے متعلق باقاعدہ شکایت درج کروائی۔ ہوٹل انتظامیہ کا موقف تھا کہ کھلاڑی نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو ہراساں کیا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی سنگینی کو جانچا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں سلمان مرزا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا اور ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کو مستقبل کے لیے سخت وارننگ بھی دی گئی ہے تاکہ قومی ٹیم کے وقار پر کوئی حرف نہ آئے۔