کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ پہلے دن کھلتے ہی کریش کر گئی، منٹوں میں ہزاروں پوائنٹس کی کمی کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 48ہزار 42 پوائنٹس پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں مارکیٹ کھلتے ہی کریش کر گئی۔
حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت کے باعث انڈیکس میں منٹوں کے اندر تاریخی کمی واقع ہوئی۔
ہنڈرڈ انڈیکس کاروباری دن کے آغاز پر ہی 7,322 پوائنٹس کی بڑی کمی کے ساتھ کھلا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی دھڑا دھڑ فروخت کی وجہ سے منٹوں میں انڈیکس 9,786 پوائنٹس تک گر گیا۔
مارکیٹ میں 5 فیصد سے زائد کی گراوٹ کے باعث "سیفٹی والو” متحرک ہو گیا اور ریگولیٹری قوانین کے تحت ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے روک دیا گیا ہے، کاروبار رکنے کے وقت ہنڈرڈ انڈیکس 1,47,715 پوائنٹس کی سطح پر موجود تھا۔
آج رواں ماہ میں دوسری مرتبہ اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار ایک گھنٹے کیلئے روکنا پڑا اور ایک گھنٹے کی بندش کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار دوبارہ شروع ہونے پر بھی شدید ترین مندی برقرار رہی۔
اسٹاک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی اور ہنڈریڈ انڈیکس 11015 پوائنٹس گر کر 146480 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس قدر اچانک اور بڑی گراوٹ نے سرمایہ کاروں میں بے یقینی کی لہر دوڑا دی ہے اور فی الحال مارکیٹ میں شدید دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔