شہباز شریف سعودی وزیر خارجہ ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات

ملاقات میں نائب وزیراعظم اور مشیر قومی سلامتی نے شرکت کی

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی وزیرِاعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دفتر میں آمد پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل عاصم ملک نے شرکت کی۔

اس سے قبل اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے، سفارتکاری اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے اہم مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔