صوبے میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان، پی ڈی ایم اے
خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 45 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں اب تک 45 افراد جاں بحق جبکہ 105 زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 23 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں۔
گھروں کو نقصان، درجنوں مکانات منہدم
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث 442 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 60 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ حادثات بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر اور نوشہرہ میں پیش آئے۔
مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے واقعات
صوابی کے علاقے یار حسین میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں۔ خیبر اور لنڈی کوتل میں بھی کچے مکانات کی چھتیں گرنے سے خواتین جاں بحق اور بچے زخمی ہوئے۔
لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش
جنوبی وزیرستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وانا گومل زام روڈ چار روز سے بند ہے، جبکہ مری میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے گھروں کو شدید نقصان پہنچا اور متاثرہ افراد نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا نیا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔