وزیراعظم شہباز شریف جنگ بندی

جنگ بندی میں کامیابی پوری قوم کی عزت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا کابینہ اجلاس سے خطاب

اپنے 40 سال کے کیریئر میں سیاسی و عسکری قیادت کی ایسی کوآرڈینیشن نہیں دیکھی: وزیراعظم

 وزیراعظم  شہبازشریف نے کہا ہے کہ حالیہ سفارتی کامیابی اور جنگ بندی پوری قوم کے لیے عزت کا باعث ہے اور آج دنیا پاکستان کو احترام اور وقار کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک بدلا ہوا پاکستان ہے جس نے عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار ثابت کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سمیت تمام وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے سابق وزیراعظم  نوازشریف کو اپنا قائد قرار دیتے ہوئے ان کی رہنمائی پر اظہار تشکر کیا، جبکہ صدر آصف علی زرداری  کی معاونت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری  سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔

شہباز شریف نےبتایا کہ امریکی اور ایرانی وفود ان کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں، جبکہ جنگ بندی کو امن کی جانب پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حتمی ہدف خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کل میری  سعودی ولی عہد  محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی،  جس دوران سعودی عرب پر حملے پر اظہار افسوس کیا، سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے ، ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

شہبازشریف نے کہا کہ میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور چین کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ وزیراعظم کے مطابق امریکی صدر نے ان کی درخواست پر دو ہفتوں کی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی جبکہ ایرانی صدر  مسعود پزشکیان نے بھی اس اپیل کو قبول کیا، جس پر میں ایرانی اور امریکی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کا کہ  ایک ماہ سے زائد عرصے تک نائب وزیراعظم اپنی ٹیم کے ساتھ کام کرتے رہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے اور امریکی اور ایرانی قیادت سے رابطے رہے، راتوں کو جاگ کر یہ سفر طے ہوا ہے، اپنے 40 سال کے کیریئر میں سیاسی و عسکری قیادت کی ایسی کوآرڈینیشن نہیں دیکھی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل نے سیاسی قیادت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کوشش کی، اللہ تعالیٰ پر کامل یقین ہو اور کر گزرنا ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتاہے۔

شہبازشریف کا کہناتھا کہ  اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطافرمائی ہے، ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے، جنگ خطے سمیت پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رہی تھی، ہم جتنی بھی کوشش کر لیتےاللہ کو منظور نہ ہوتا تو یہ ممکن نہ تھا، جنگ کے شعلے 2 ہفتے کیلئے بجھ گئے، اللہ کو منظور ہوا تو جنگ کے شعلے ہمیشہ کیلئےبجھ جائیں گے، سیاسی اور عسکری قیادت یکسوتھی ہے اور رہےگی، جنگ میں بھائی کوبھائی سے لڑانے کی کوشش کی جارہی تھی، اندرونی اور بیرونی سازشیں ہوئیں، ٹوکیو سے لندن تک سب پاکستان کاذکر کر رہے ہیں،ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا۔