اسلام آباد ایران امریکا مذاکرات عبدالعلیم خان بیان

امریکی نائب صدر، ایرانی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہیں، صدر استحکام پاکستان پارٹی

اسلام آباد عالمی سیاست کا مرکز نگاہ بن چکا ہے، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیرمواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کے تناظر میں خیرمقدمی پیغام میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کو عالمی امن کا مرکز قرار دے دیا۔

پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے تناظر میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے خیرمقدمی پیغام جاری کرتے ہوئے عالمی قیادت کو خوش آمدید کہا ہے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ امریکی نائب صدر اور ایرانی قیادت کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ اسلام آباد آج عالمی سیاست کا مرکز نگاہ بن چکا ہے۔ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی بہترین سفارتکاری کے باعث دنیا پاکستان کی معترف ہو رہی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات نے دنیا بھر میں جنگی حالات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن ہی جینے کا واحد راستہ ہے اور پاکستان نے عملی طور پر خود کو عالمی امن کا علمبردار ثابت کیا ہے۔

عبدالعلیم خان نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد سے دنیا بھر کیلئے سلامتی اور استحکام کا مثبت پیغام جائے گا اور مذاکرات کا یہ سلسلہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔