پاکستان مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح

ملک میں مہنگائی بڑھ کر 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی

گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کے باعث ہفتہ وار مہنگائی میں تقریباً 2 فیصد کا بڑا اضافہ ہوگیا ۔ مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح 12.15 فیصد کے ڈبل ڈیجیٹ میں پہنچ گئی ۔ گزشتہ ہفتے 28 اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کو ٹاپ گیئر لگا دیا۔ گزشتہ ہفتے میں مہنگائی تقریباً 2 فیصد بڑھ کر دوبارہ 2 ہندسوں تک جا پہنچی۔ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.15 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے میں ڈیزل 54.71 فیصد ، پیٹرول 18 فیصد اور ایل پی جی 8.61 فیصد مہنگی ہوئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ ٹماٹر 9.35 فیصد اور آلو 4.13 فیصد تک مہنگے ہوئے۔ پیاز 3.84 فیصد اور انڈوں کے دام 3.77 فیصد بڑھ گئے ۔۔۔۔ جبکہ بیف ، مٹن اور بریڈ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیاد پر پیاز کے نرخ 38 فیصد تک بڑھ گئے ۔ ایک سال میں گندم کا آٹا 30 فیصد سے زائد مہنگا ۔ سرخ مرچ کی قیمت میں 15.20 فیصد ، مٹن 15 فیصد ، بیف 14 فیصد اور خشک دودھ کے بھاؤ میں 10.23 فیصد اضافہ ہوا ۔ سالانہ بنیاد پر ڈیزل 101فیصد اور پیٹرول 49فیصد مہنگا ہو چکا ۔ ایل پی جی کی قیمتیں 66 فیصد اور گیس چارجز 30 فیصد تک بڑھے ۔