آسٹریلیا پہلی خاتون آرمی چیف

آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بارخاتون جنرل کو فوج کی سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ

لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جولائی میں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالیں گی

آسٹریلیا کی دفاعی قیادت میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار خاتون جنرل کو فوج کی سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل جو اس وقت جوائنٹ کیپبلٹیز کی سربراہ ہیں،وہ جولائی میں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالیں گی۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس فیصلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جولائی سے آسٹریلوی فوج کو اپنی تاریخ کی پہلی خاتون سربراہ میسر ہو گی جو ملک کے دفاعی نظام میں ایک نئی روایت کا آغاز ہے۔

55 سالہ سوسن کوائل نے 1987 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اپنے طویل کیریئر کے دوران کئی اہم کمانڈ عہدوں پر فائز رہی ہیں، تاہم وہ آسٹریلوی فوج کی کسی بھی شاخ کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بننے جا رہی ہیں، سوسن کوائل کی یہ تعیناتی ایک ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب آسٹریلوی فوج اپنے صفوں میں خواتین افسران کی تعداد بڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

اس وقت آسٹریلوی ڈیفنس فورس میں خواتین کا مجموعی تناسب قریباً 21 فیصد ہے جبکہ اعلیٰ قیادت میں ان کی نمائندگی ساڑھے 18 فیصد ہے جسے حکومت 2030 تک بڑھا کر 25 فیصد تک لے جانا چاہتی ہے