جی ٹی روڈ موٹروے معیار منصوبہ

وفاقی وزیر مواصلات کا جی ٹی روڈ کو بھی مرحلہ وار موٹروے کے معیار پر لانے کا اعلان

جی ٹی روڈ سے خاطر خواہ ریونیو حاصل ہو رہا ہے تو سہولیات بھی دی جائیں، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جی ٹی روڈ کو بھی مرحلہ وار موٹروے کے معیار پر لانے کا اعلان کردیا۔ کہا جی ٹی روڈ سے خاطر خواہ ریونیو حاصل ہو رہا ہے تو سہولیات بھی دی جائیں۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این ایچ اے پنجاب ریجن کے اجلاس میں بڑے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ قومی شاہراہوں پر ٹریفک کا بھاری دباؤ ریگولیٹ کرنے کےلیے گرینڈ ٹرنک روڈ کو مرحلہ وار موٹروے کے معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا۔ شہریوں کو سڑک پار کرنے سے روکنے کے لیے جی ٹی روڈ کے اطراف رکاوٹیں بھی نصب کی جائیں گی۔

عبدالعلیم خان نے واضح احکامات جاری کیے کہ خاطر خواہ ریونیو دینے والے جی ٹی روڈ پر سہولیات بھی دی جائیں۔ پیدل گزرنے اور موٹر بائیکس والوں کے لئے پل بنانے کی ہدایت کی۔ کہا بچوں، خواتین اور سڑک کراس کرنے والوں کو مشکلات نہیں ہونی چاہئیں۔  

اجلاس میں جی ٹی روڈ پر نئے ٹول پلازوں، یو ٹرن، سروس ایریاز اور دیگر متعلقہ امور سمیت مختلف جاری و مجوزہ منصوبے زیر غور آئے ۔ این ایچ اے حکام کو معیاری سہولیات کی مرحلہ وار فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا تمام یو ٹرن عالمی معیار کے مطابق بنائے جائیں، ٹریفک پر دباؤ نہیں آنا چاہیے، پیدل گزرنے اور موٹر بائیکس والوں کے لئے پل بنانے، بچوں اور خواتین سمیت سڑک کراس کرنے والوں کی مشکلات دور کرنے کی ہدایت کردی۔ 

وفاقی وزیرنے لینڈ ایکوزیشن پر بچت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا این ایچ اے کم سے کم نجی زمین ایکوائرکرے اور جہاں تک ممکن ہوسرکاری اراضی ہی استعمال میں لائی جائے۔

اجلاس میں رنگ روڈ سے پھول نگر ایم 5ہائی وے کی ری ڈیزائننگ اور بہتری کا جائزہ لیا گیا ۔ اگلے میں مرحلے اوکاڑہ اور ساہیوال تک جی ٹی روڈ کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ جی ٹی روڈ کو بہتر بنانے کے لئے نجی تعمیراتی گروپ نے مختلف سفارشات بھی پیش کیں۔