یو اے ای کو قرض کی ادائیگی رواں ماہ بروقت کردی جائے گی، وزارت خزانہ
پاکستان نے بیرونی ادائیگیوں کیلئے انتظامات مکمل کرلیے۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے یو اے ای کو قرض کی ادائیگی رواں ماہ بروقت کردی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت جلد ملنے کا امکان ہے ۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل ہوگی۔
سعودی مالی معاونت سے پاکستان کے زر مبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی جبکہ دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی مالی معاونت کیلئے بات چیت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ حالیہ سعودی وزیرخزانہ کی دورہ پاکستان کے دوران اعلٰی سطح ملاقاتوں میں قرض، ادھار تیل کی سہولت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے علاوہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیرخزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر قرض اور آئل فنانسنگ سہولت میں توسیع کی درخواست کی گئی۔ تیل سہولت مزید 5 سال بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
حکام وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں ماہ تقریباً 4 ارب 80 کروڑ ڈالر قرض کی ادائیگی کے دباؤ کا سامنا ہے۔ ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی پہلے ہی کی جاچکی، ایسے میں زرمبادلہ ذخائر برقرار رکھنے کے لیے مزید مالی مدد ناگزیر ہے۔