بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم، مجموعی طور پر 11 ملزمان نامزد
فارن فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایف آئی اے نے 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کر لیا، کل عدالت میں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے تیار کیے گئے چالان میں مجموعی طور پر 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق طارق شفیع، حامد زمان اور دیگر افراد بھی کیس میں شامل ہیں جبکہ 3 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے جن میں عارف نقوی اور طارق رحیم شیخ شامل ہیں۔
تحقیقات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں 1800 ٹرانزیکشنز ہوئیں اور رقوم نیا پاکستان کے نام سے موصول ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان پر 21 لاکھ ڈالر کی غیر قانونی فنڈنگ کا الزام ہے جبکہ یہی رقم ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے ذریعے بھی بھیجی گئی۔
ایف آئی اے چالان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی عارف نقوی کی ملکیت ظاہر کی گئی اور کیمن آئرلینڈ میں رجسٹریشن بتائی گئی تاہم تحقیقات میں کمپنی کو فیک اور غیر رجسٹرڈ قرار دیا گیا ہے۔ اسپیشل کورٹ پہلے ہی ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کی ہدایت دے چکی ہے۔