اے آئی سیکھو 2026 پروگرام

گوگل کے اشتراک سے” اے آئی سیکھو 2026″ پروگرام کا آغاز کردیا ہے، وزارت آئی ٹی

وفاقی حکومت نے اسکول سطح پر اے آئی نصاب متعارف کروانے کی ہدایت کردی

وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نےمصنوعی ذہانت کو باضابطہ طور پرقومی ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے ملک گیرسطح پر اقدامات تیز کر دیئے,گوگل کے اشتراک سے اے آئی سیکھو 2026 پروگرام کا آغازکردیا گیا،جس کا مقصد ملک بھر میں اے آئی تعلیم اور مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔

 
 وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کےمطابق وفاقی حکومت نے اسکول کی سطح پر اے آئی نصاب متعارف کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ طلبا کو ابتدائی سطح سے ہی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروایا جا سکے۔

وزارتِ آئی ٹی کا کہنا ہے اے آئی سے متعلق تربیتی پروگرامز کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بڑھایا جائے گا،وزارت آئی ٹی نے دو ہزار تیس تک  اے آئی سیکٹر میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم دہرایا ہے۔

 اس تناظرمیں ایک ہزار طلبہ کو مکمل فنڈڈ اے آئی اسکالرشپس دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ دس لاکھ نان آئی ٹی پروفیشنلز کو اپ اسکل کرنے کا ایک جامع پروگرام بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے، جس کے ذریعے کاروبار، مالیات اور پبلک سیکٹرسمیت مختلف شعبوں میں اے آئی کو بنیادی مہارت کے طور پر متعارف کروایا جائے گا۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل کرنے اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔