ایران امریکا کشیدگی آبنائے ہرمز

خطے میں شرمناک ناکامی کے بعد امریکا نیا محاذ کھول رہا ہے،ایرانی سپریم لیڈر

آبنائے ہرمز میں نیا چیپٹر کھل چکا ہے، عدم استحکام کی وجہ امریکا ہے، مجتبیٰ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ خطے میں شرمناک ناکامی کے بعد امریکا نیا محاذ کھول رہا ہے، تہران خلیجی خطے کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔

ایک بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں نیا چیپٹر کھل چکا ہے، خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ امریکا ہے، تہران خلیجی خطے کی سلامتی کو یقینی بنائے گا، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں نئی صورتحال جنم لے رہی ہے، خطے میں امریکا شرمناک ناکامی کے بعد نیا محاذ کھول رہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ آبنائے ہرمز ہماری قومی شناخت کا حصہ ہے، آبنائے ہرمز دشمن قوتوں کے خلاف ہمارے عوام کی مزاحمت کی علامت ہے، امریکا کی بحری ناکہ بندی ناکامی سے دوچار ہوگی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پر پابندیاں یا بحری ناکہ بندی بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے، بین الاقوامی پانیوں میں کوئی کسی پر دباؤ نہیں ڈال سکتا، ایران مخالف قوتوں نے بین الاقوامی پانیوں سے متعلق حکمت عملی تبدیل کرلی، دشمن ہماری حکومت اور عوام پر اقتصادی دباؤبڑھانا چاہتا ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکی ناکہ بندی علاقائی  استحکام کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، امریکی اقدامات علاقائی سلامتی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت نہیں ہوں گے، آبنائے ہرمز میں جاری عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہے۔