46 شوکاز نوٹسز پر جرمانے عائد، 12 پر تنبیہی احکامات جاری کیے گئے، ایس ای سی پی
سرکاری کمپنیوں کی جانب سے سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر ایس ای سی پی نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے درجنوں شوکاز نوٹسز پر فیصلے جاری کر دیے۔
ایس ای سی پی کے مطابق سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری کیے گئے اٹھاون شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے جن میں سے چھیالیس نوٹسز پر مجموعی طور پر اکتیس لاکھ پچھتر ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بارہ کیسز میں تنبیہی احکامات جاری کیے گئے۔
مارچ دو ہزار چھبیس میں اکتالیس سرکاری کمپنیوں کو چھیاسٹھ شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے جن میں سے بیشتر پر فیصلے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ آٹھ نوٹسز پر کارروائی ابھی جاری ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق سالانہ ریٹرنز جمع نہ کرانے پر کم از کم پچیس ہزار روپے اور ریٹرنز و مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ مسلسل عدم تعمیل پر جرمانہ بڑھ کر دو لاکھ پچیس ہزار روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ شوکاز کارروائی کے دوران کمپنیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع دیا گیا، جس کے بعد متعدد سرکاری کمپنیوں نے زیر التوا ریٹرنز بھی جمع کرا دیے ہیں۔ اس مقصد کیلئے خصوصی سہولت ڈیسک بھی قائم کیا گیا تاکہ ریٹرن فائلنگ میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ سرکاری ملکیتی اداروں میں اکاؤنٹبیلٹی اور گورننس بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل جاری رکھا جائے گا۔