محسن نقوی تہران دورہ پیغام

وزیرداخلہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام لے کر آج تہران جائیں گے

فیلڈ مارشل کا ایرانی سپریم لیڈر کیلئے پیغام پائیدار امن کےحوالے سے اہم ہے، ذرائع

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے جاری کوششیں مزید تیزکر دی گئیں،  وزیرداخلہ محسن نقوی اہم دورے پر ایک مرتبہ پھر تہران روانہ ہورہے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق محسن نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام ایرانی سپریم لیڈر تک پہنچائیں گے،  محسن نقوی نے وزیراعظم شہبازشریف سے بھی ملاقات کر کے ضروری ہدایات لے لیں۔ فیلڈ مارشل کا ایرانی سپریم لیڈر کیلئے پیغام پائیدار امن کےحوالے سے اہم ہے ۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات ہوئی جس دوران وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو بشکیک میں شنگھائی تعاون کانفرنس سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم کو مختلف رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا، ملاقات میں وزیراعظم اور  وزیر داخلہ کی آئندہ دورہ تہران پر بھی مشاورت ہوئی، وزیراعظم شہبازشریف نے محسن نقوی کو دورے  سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا، وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ، وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ متعلقہ اداروں میں قریبی رابطے اور مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔