گلگت بلتستان انتخابات پولنگ

گلگت بلتستان انتخابات کے لیے دنگل سج گیا، پولنگ کا عمل جاری

الیکشن میں 8 خواتین سمیت مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں

گلگت بلتستان انتخابات کے لیے 24 جنرل نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

الیکشن میں 8 خواتین سمیت مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 9 لاکھ 63 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔

چلاس میں پہلا ووٹ کاسٹ کردیاگیا،جہاں ووٹرز پولنگ کے مقررہ وقت سے پہلے ہی پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئے تھے۔ پولنگ شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 1391 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، 349 پولنگ اسٹیشن حساس اور 551 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی 23 ، ن لیگ 22، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ11 اور جے یو آئی ف کے 9 امیدوار میدان میں ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 ،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات انتخابات کیے گئے ہیں،مقامی پولیس، جی بی اسکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی سکیورٹی کے لیے موجود ہے۔