نئے مالی سال کا بجٹ

بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار، حکومت 23.4 ارب ڈالر کے نئے قرضے بھی لے گی

سوشل میڈیا سے آمدنی پر بھی 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لگایا جارہا ہے

نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمارکر دی گئی، مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا ساتھ ہی حکومت اگلے مالی سال کے دوران 23 ارب 40 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے بھی لے گی، وفاقی بجٹ میں گرین سبسڈیز کو بھی شامل کر دیا گیا ، حکومت گرین انیشیٹو منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 476 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگی بھی بجٹ کا بڑا حصہ نگل رہی ہے ، 15ہزار ارب سے زائد کا ٹیکس ہدف رکھا گیاہے ،ٹیکسز سے عوام پر بوجھ مزید بڑھے گا، سوشل میڈیا سے آمدنی پر بھی 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لگایا جارہا ہے، توانائی کے شعبے میں 423 ارب روپے کی گرین سبسڈی مختص کی گئی ہے، آئندہ سال کیلئے خوراک کے شعبے کیلئے 19 ارب روپے گرین سبسڈی دی جارہی ہے۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال صنعتی شعبے کیلئے گرین سبسڈی 8 ارب روپے ، ٹرانسپورٹ کیلئے 5 ارب روپے گرین سبسڈی ، زرعی شعبے کیلئے 21 ارب روپے کی گرین سبسڈی مختص کی گئی ہے،ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ہر وزارت کو اقدامات کرنا ہوں گے،گرین انیشیٹو منصوبے کے تحت حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔