سرکاری ملازمین کی تعطیلات

اگلے ہفتے سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 تعطیلات ملیں گی

یومِ عاشور کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں آرہی ہی ہیں

محرم الحرام کا چاند نظر نہ آنے کے باعث نئے اسلامی سال کا آغاز 17 جون کو ہوگا، جبکہ یومِ عاشور اب 26 جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس صورتحال کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 روزہ تعطیلات میسر آئیں گی۔

یومِ عاشور کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سال 9 اور 10 محرم الحرام کو سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ ملک بھر میں مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔

چاند نظر نہ آنے کے بعد اب 9 محرم 25 جون بروز جمعرات جبکہ 10 محرم، یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔ یومِ عاشور کی سرکاری تعطیلات کے فوراً بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی آ رہی ہیں، جس کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل 4 دن کی تعطیلات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل گیا ہے۔

اگرچہ چاند نظر نہ آنے کے بعد یومِ عاشور کی متوقع تاریخوں کا تعین ہو چکا ہے، تاہم سرکاری تعطیلات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیا جائے گا، جس کے بعد تعطیلات کے شیڈول کی باضابطہ توثیق ہو جائے گی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام 1448 ہجری کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یکم محرم الحرام کے موقع پر صوبے بھر میں سرکاری تعطیل ہوگی۔