نئے اسلامی سال میں ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا،وفاقی وزیرمواصلات
نئے اسلامی سال کے آغاز پر وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہجری سال کا آغاز اتحاد، اخوت اور خدمت خلق کا درس دیتا ہے۔ نئے اسلامی سال میں ملکی استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور اداروں کا استحکام اولین ترجیح ہے جبکہ وطن عزیز کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نیا ہجری سال اپنے احتساب اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور ہم قومی ترقی و عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔