کھیرے میں موجود وٹامن بی ون، بی فائیو، بی سیون دن بھر توانائی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں
ماہرینِ غذائیت نے گرمیوں کے موسم میں کھیرے کا باقاعدگی سے استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے صحت کے لیے بہترین غذاؤں میں شامل قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کھیرے میں 95 فیصد سے زائد پانی موجود ہوتا ہے، جو جسم میں پانی کی کمی سے بچانے، الیکٹرولائٹس کا توازن برقرار رکھنے اور گردوں کی صحت بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ مناسب ہائیڈریشن ہاضمے کو بہتر بناتی ہے اور گردے کی پتھری کے خطرات بھی کم کرتی ہے۔
کھیرے میں فلیونوئڈز، ٹیننز اور پولی فینولز جیسے قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلامیٹری مرکبات بھی پائے جاتے ہیں، جو جسم کو آکسیڈیٹو تناؤ اور سوزش سے بچا کر دائمی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیرے میں موجود پوٹاشیم سمیت اہم غذائی اجزا جسم کو تروتازہ رکھنے اور جلد کی صحت بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ اس کی ٹھنڈک پہنچانے والی خصوصیات دھوپ سے جھلسی ہوئی جلد، جلن اور سوجن کو کم کرنے میں بھی مفید ہیں۔
کھیرا وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی بہترین غذا ہے، کیونکہ اس میں ہر 100 گرام میں صرف 16 کیلوریز ہوتی ہیں، جبکہ اس میں موجود فائبر دیر تک پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے اور ہاضمہ بہتر بناتا ہے۔
کھیرے میں پانی، وٹامن بی ون، بی فائیو، بی سیون، پوٹاشیم اور میگنیشیم بھی موجود ہوتے ہیں، جو دن بھر توانائی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔