آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب

شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب تہران میں جاری

کل تہران میں نمازِجنازہ کا مرکزی اجتماع ہوگا، 6 جولائی کی صبح جنازے کا جلوس تہران سے قم جائے گا

تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب جاری ہے، جہاں ملک بھر سے آئے لاکھوں افراد اپنے رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اورانکے ساتھ شہید ہونے والے انکے اہلِ خانہ کی میتیں تہران میں عوامی دیدار کےلیےرکھ دی گئیں،جہاں عوام کی بڑی تعداد آخری دیدار کے لیے موجود ہے،امام خمینی سینٹر اور اس کے اطراف سوگ کا سماں ہے، جبکہ شہری اپنے رہنما کے غم میں اشکبار دکھائی دے رہے ہیں۔

ملک کےمختلف حصوں سے آنے والے لاکھوں افراد قطاروں میں کھڑے ہو کر آخری دیدار کر رہے ہیں،شرکاء نے ایرانی قومی پرچم کے ساتھ آیت اللہ علی خامنہ ای اور مجتبیٰ خامنہ ای کی تصاویر بھی اٹھا رکھی ہیں اور اپنے رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کل تہران میں نمازِ جنازہ کا مرکزی اجتماع ہو گا، 6 جولائی کی صبح جنازے کا جلوس تہران سے قم جائے گا،تدفین سے پہلے آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت کو عراق کے شہروں نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا جبکہ ان کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

گزشتہ روز ایرانی شہید رہبر کو وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستانی وفد اور بین الاقوامی رہنماؤں نے خراجِ عقیدت پیش کیا تھا۔