ملزمان کا مبینہ طورپر خواتین پر تشدد، چار خواتین زخمی ہوگئیں،متاثرین کا الزام
خیر پور میں پسند کی شادی کے مبینہ تنازع پر لڑکی کے اہلخانہ کی جانب سے لڑکے کے گاؤں پر حملہ کرنے کا الزام سامنے آ گیا۔
متاثرین کے مطابق پیروسن کے قریب گاؤں سارنگ جوگی پر 200 سے زائد افراد نے حملہ کر کے 10 گھروں میں لوٹ مار کی، جبکہ مزاحمت پر خواتین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 خواتین زخمی ہو گئیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ ملزمان طلائی زیورات، فریج، اناج، 17 بکریاں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ لوٹ مار کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ملزمان کو رکشوں اور کندھوں پر سامان لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرین کے مطابق چند روز قبل شہنیلا جوگی نے شعیب علی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے مبینہ انتقام میں یہ حملہ کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، معاملے کی انکوائری کی جا رہی ہے، جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔