شدید گرمی کے باعث گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان چلنے کا خدشہ
پی ڈی ایم اے سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کردی۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے مختلف شہروں میں 12 جون تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا، صوبے کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سکھر، شکارپور، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں پارہ 48 سے 51 ڈگری تک جاسکتا ہے، حیدرآباد، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور جامشورو میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری متوقع ہے۔
کراچی ڈویژن میں نو سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری رہنے کا امکان ہے، شدید گرمی کے باعث گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان چلنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام نے بچوں،خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کردی، اعلامیے کے مطابق شہری زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں۔