جعلی پنشن اسکینڈل نیب

جعلی پنشن اسکینڈل ، نیب کی بڑی کامیابی، 8 ملزمان نے 900ملین روپے سے زائد کی پلی بارگین کرلی

پلی بارگین میں وصول اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو 2ارب سے زائد ہے

قومی احتساب بیورو کو حیدرآباد کے جعلی پنشن اسکینڈل میں ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے ، آٹھ ملزمان نے900 ملین روپے کی  پلی بارگین کرلی جبکہ  اربوں روپے مالیت کی زرعی زمین بھی سرنڈر کردی،  گزشتہ ماہ مرحوم افسر کی بیوہ نے بھی ڈھائی ارب روپے کی پلی بارگین کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق  ملزمان نے پلی بارگین میں آم اور لیموں کے باغات بھی نیب کو دے دیئے ، پلی بارگین میں وصول اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو 2ارب سے زائد ہے،ملزمان کی فیملی جعلی پنشن کی بینفیشری تھی، 8 ملزمان نے پوری فیملی کی جانب سے پلی بارگین کی،ملزمان میں عزیز اللہ، لیاقت علی، رمضان داوچ،امداد علی، ممتاز علی ، ذوالفقار علی، محمد علی اور احسان علی شامل ہیں۔

نیب نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس پنشن اسکینڈل کی تحقیقات کی تھیں، نیب کو 2 ماہ کے دوران جعلی پنشن اسکینڈل میں دوسری کامیابی ملی، گزشتہ ماہ سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر اکاؤنٹس کی بیوہ نے ڈھائی ارب کی پلی بارگین کی تھی۔